پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، اس سلسلے میں وزارت بین الصوباٸی رابطہ کی جانب سے پی سی بی گورننگ بورڈ میں تبدیلیوں اور آئین میں ترامیم کی سمری وزیر اعظم آفس بھجوائی تھی۔
سمری میں رمیز راجہ اور اسد علی خان کی جگہ نجم سیٹھی اور شکیل شیخ کو حکومت کی جانب سے پی سی بی کے گورننگ بورڈ میں رکن مقرر کرنے کی سفارش کی گئی تھی
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر صحافیوں کی جانب سے چند روز قبل سابق پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تصاویر جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ وہ دوبارہ اس عہدے پر فائز ہو رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ لاہور کے موقع پر نجم سیٹھی اور ان کی اہلیہ نے ان سے ملاقات کی۔
اس ضمن میں بتایا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی تعینات کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
یاد رہے کہ 2014 میں مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے نجم سیٹھی پی سی بی کو پی سی بی کا سربراہ مقرر کیا تھا۔
بعد ازاں 2018 پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت آئی تو انہیں مستعفی ہونا پڑا اور ان کی جگہ احسان مانی کو نیا چیئرمین پی سی بی مقرر کیا گیا تھا۔