ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت نے پرویز الہٰی گروپ میں شامل پارٹی رہنما کامل علی آغا کو سیکرٹری جنرل پنجاب کے عہدے سے فارغ کردیا، پارٹی کی بنیادی رکنیت بھی ختم کردی۔شجاعت گروپ میں شامل طارق بشیر چیمہ نے کہاکہ کامل علی آغا کی سینیٹ رکنیت ختم کرنے کیلئے چیئرمین سینیٹ کو خط لکھ رہے ہیں۔ق لیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل طارق بشیر کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کےمطابق کامل علی آغا کی پارٹی رکنیت ختم کرکے انہیں صوبائی سیکرٹری جنرل کے عہدے سے بھی ہٹادیا گیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بطور سینیٹر بھی کامل علی آغا کی نامزدگی کالعدم قرار دی جاتی ہے۔ذرائع کےمطابق ق لیگ کامل علی آغا کو سینٹ سیٹ سے ہٹانے کیلئے الیکشن کمیشن کو خط بھی لکھے گی۔