وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاقی سرکاری عمارتوں کی بجلی شمسی توانائی پرمنتقل کرنے کے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ ہفتہ کو وزیراعظم میڈیاآفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت بجلی کی روزمرہ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے شمسی توانائی کے استعمال پر جائزہ اجلاس لاہور میں ہوا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی سرکاری عمارتوں میں بجلی کے استعمال کی شمسی توانائی پر جلدازجلد منتقلی پر زور دیتے ہوئے منصوبے کی جلد تکمیل میں درپیش عملی مسائل کو موثر طریقے سے حل کرنے کے لیے جامع حکمت عملی بنانے کی خصوصی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا بجلی کی پیداوار میں شمسی توانائی کا استعمال ہی ملکی توانائی بحران اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے جیسے مسائل کو موثر طریقے سے حل کر سکے گا۔
اجلاس میں مشیر وزیراعظم احد چیمہ،معاون خصوصی وزیراعظم جہانزیب خان اور اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی جبکہ وفاقی وزیر برائے خزانہ اسحاق ڈار،سابق وزیراعظم و ممبر قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزیر برائےپاور ڈویژن انجینئر خرم دستگیر، وفاقی وزیر برائے تجارت سید نوید قمر اور وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سیکورٹی طارق بشیر چیمہ بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے