وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) نے سابق ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے افنان عالم کے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا۔
ایف آئی اے نے تحقیقات کے سلسلے میں سی ڈی اے کو افنان عالم سے متعلق معلومات فراہم کرنے کے لیےخط لکھ دیا ہے اور ان سے متعلق دستاویزات طلب کر لی ہیں۔
افنان عالم کو گزشتہ ماہ مبینہ طور پر 10 ارب روپے مالیت کی اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ پر فارغ کیا گیا تھا۔
ایف آئی اے نے خط میں افنان عالم کے بارے میں جو تفصیلات مانگی ہیں وہ یہ ہیں:
1- بتایا جائے کہ افنان عالم نے سی ڈی اے میں کن کن عہدوں پرکام کیا؟
2- ممبر اسٹیٹ، ڈائریکٹر اسٹیٹ اور ڈائریکٹر لینڈ سی ڈی اے کی ذمے داریوں کی تفصیل فراہم کی جائے۔
3-افنان عالم کے ماتحت کام کرنے والے افسران کی لسٹ دی جائے۔
4- افنان عالم کے خلاف شکایات کی فہرست بھی درکار ہے۔
5- افنان عالم کے خلاف کی جانے والی اور شروع کی جانے والی انکوائریز کی تفصیل فراہم کی جائے۔
6- افنان عالم کو دوبارہ بحال کرنے والی انکوائری کی تفصیل بھی دی جائے۔
7- افنان عالم کے اثاثہ جات کے ڈکلیئریشن فارم دیے جائیں۔
8- افنان عالم کی تصدیق شدہ پرسنل فائل بھی دی جائے۔