اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارتِ تعلیم کو کامیاب امیدواروں کے نتائج شائع کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت میں جسٹس محسن اختر کیانی نے وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں کے ڈیلی ویجز ملازمین کی مستقلی کے کیس کی سماعت کی۔
اس کیس کی سماعت کے دوران ایف پی ایس سی حکّام نے نتائج کی کاپی عدالت کے سامنے پیش کی اور آگاہ کیا کہ 26 ستمبر کو نتائج وزارت تعلیمات کو بھیجوا دیے ہیں۔
جس پر عدالت نے کہا ہے کہ وزارت تعلیم کامیاب امیدواروں کے نتائج ویب سائٹ پر جاری کرے، کامیاب امیدواروں کے آفر لیٹر بھی ان کو ارسال کیے جائیں۔
حکّام نے عدالت کو جواب دیا کہ نتائج کو شائع کرنا اور مزید پراسیس کو آگے بڑھانا وزارتِ تعلیم کا کام ہے۔
عدالت نے وزارتِ تعلیم کو کامیاب امیدواروں کے نتائج ویب سائٹ پر شائع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 30 نومبر تک ملتوی کر دی۔