ارا خان بالی ووڈ کی مشہور اسٹار کڈز (فلمی ستاروں کے بچے) میں سے ایک ہیں۔ وہ بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان اور ان کی سابق اہلیہ رینا دتہ کی بیٹی ہیں۔
انہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں اپنے والدین کے ساتھ تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ والدہ سے بات کرنا اور رابطہ کرنا ذرا آسان رہا ہے۔
ان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ کے والد عامر خان آپ کے بچپن میں اپنی فلمی مصروفیات کے باعث زیادہ تر دور رہے تو کیا اس کی وجہ سے ان سے تعلق میں دوری تو نہیں آئی؟ اس پر ارا خان نے یہ تسلیم کیا کہ اپنے والدین سے تعلقات کے حوالے سے انہیں کافی متحرک رہنا پڑتا رہا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ والدین سے آپ کے قریبی تعلقات ہی کسی کے لیے بھی سب سے اہم ہوتا ہے۔
ویسے تو ارا خان سوشل میڈیا پر کافی متحرک ہیں، لیکن اپنے والد عامر خان اور بہت سے دیگر اسٹار کڈز کے برخلاف 26 سالہ ارا خان شہرت اور چکا چوند سے دور رہنا پسند کرتی ہیں۔
البتہ اپنی زندگی سے بھرپور شخصیت کے باعث سوشل میڈیا پر ان کے پرستاروں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔ اگر چہ ارا خان اپنی ذاتی زندگی کے معاملات کو نجی نہیں رکھتیں اور اکثر و بیشتر اپنی روز مرہ کی زندگی کے حوالے سے اپنے پرستاروں اور فالوورز کے لیے اپ ڈیٹس پر مبنی پوسٹ شیئر کرتی رہتی ہیں۔
چند ماہ قبل انہوں نے تسلیم کیا تھا کہ ذہنی صحت کے حوالے سے وہ مشکل صورتحال سے نبرد آزما رہی تھیں۔
والدین سے تعلق کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت ہی پیچیدہ معاملہ ہوتا ہے کیونکہ آپ کو یہ خیال رکھنا ہوتا ہے کہ وہ کیا کہہ رہے ہیں اور اسی پر آپ زیادہ تر عمل کرتے ہیں، یہی آپ کو خوشیاں دیتی ہیں اور بہت سی ایسی چیزیں تھیں جن کی وجہ سے میں مجبور تھی کہ اپنی ماں اور باپ دونوں کے ساتھ تعلقات پر زیادہ توجہ دوں۔