چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف نے ملکی کرکٹ میں بہتری کےلیے سابق کرکٹرز سے اہم ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ذکاء اشرف نے چیف سلیکٹر انضمام الحق، محمد یوسف اور عاقب جاوید سے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی اور سابق کرکٹرز کی ملاقات میں ملکی کرکٹ میں بہتری لانے سے متعلق امور زیر غور آئے۔
ذکاء اشرف نے آدھے گھنٹے سے زائد دورانیے کی ملاقات میں تینوں سابق کرکٹرز سے اپنے اپنے شعبے کی خصوصیات کے پیش نظر مختلف امور پر تجاویز مانگ لیں۔
ذرائع کے مطابق دوران ملاقات ذکاء اشرف نے کہا کہ قومی ٹیم کو کیسے بہتر بنایا جاسکتا ہے اور کمزوریوں کو کیسے دور کیا جاسکتا ہے آپ کی تجاویز بہتری لاسکتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گراس روٹ لیول پر ڈومیسٹک میں اوپنرز، مڈل آرڈر اور بولرز کیسے ڈھونڈے جاسکتے ہیں آپ ہماری مدد کریں۔
ذکاء اشرف نے یہ بھی کہا کہ کھلاڑیوں کو نئے دور کی کرکٹ کے حوالے سے کیسے ٹریننگ دی جاسکتی ہے؟ اس پر آپ کی معاونت اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔