ورلڈ کپ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں کو چھٹی ملے گی جس کے دوران وہ اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزار سکیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کپتان روہت شرما سمیت کئی کھلاڑیوں کو بریک دی جائے گی، کھلاڑیوں کو نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے بعد چھٹی ملے گی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق روہت شرما، ویرات کوہلی، شبمن گل، کے ایل راہول، شریاس ائیر، جسپریت بمراہ، ہاردیک پانڈیا بریک لینے والے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف میچ میں ایک ہفتے کا وقفہ ہے اور اسی وقفے کے دوران بھارتی کرکٹرز کو چھٹی دی جائے گی۔
بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ اتوار کو جبکہ انگلینڈ کے خلاف بھارت کا میچ 29 اکتوبر کو شیڈول ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑی ایشیا کپ سے اب تک گھروں کو نہیں جا سکے ہیں اور اسی لیے کھلاڑیوں کو ایک ہفتے کے دوران بریک کا آپشن دیا جائے گا، کھلاڑی نیوزی لینڈ کے میچ کے بعد دو تین روز فیملی کے ساتھ گزار سکتے ہیں۔