بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے فلسطین کے صدر محمود عباس کو فون کیا ہے۔
سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس حوالے سے نریندر مودی نے بتایا ہے کہ فلسطین کے صدر محمود عباس سے غزہ کے اسپتال پر حملے میں ہونے والی اموات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
بھارتی وزیرِ اعظم نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ ہم فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد بھیجتے رہیں گے۔
نریندر مودی نے خطے میں دہشت گردی، تشدد اور سیکیورٹی کی بگڑتی ہوئی صورتِ حال پر گہری تشویش کا بھی اظہار کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نریندر مودی نے سوشل میڈیا پر پیغام لکھا تھا کہ غزہ کے اسپتال میں ہونے والے المناک جانی نقصان پر گہرا صدمہ پہنچا، متاثرین کے اہلِ خانہ کے ساتھ تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں۔
واضح رہے کہ 17 اکتوبر کو اسرائیلی فوج نے غزہ میں زخمیوں سے بھرے اسپتال پر بمباری کی تھی جس سے بچوں اور خواتین سمیت 500 فلسطینی شہید جبکہ سیکڑوں شدید زخمی ہو گئے تھے۔