قومی ایئر لائن میں جاری بحران کی وجہ سے کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف ایئر پورٹ سے 31 مقامی اور بین الاقوامی پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
کراچی سے اندرون ملک کے مختلف ایئر پورٹس کی 13 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
کراچی سے لاہور، سکھر، تربت، کوئٹہ اور اسلام آباد کی 3 پروازیں پی کے 368، پی کے 308 اور پی کے 370 جبکہ اسلام آباد، کوئٹہ، تربت اور سکھر سے کراچی کیلئے 4 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق لاہور سے کراچی کیلئے 2 پروازیں پی کے 303 اور پی کے 307 منسوخ کر دی گئیں۔
اسلام آباد سے اسکردو، گلگت، تربت اور کوئٹہ آنے اور جانے کی 8 پروازیں منسوخ ہیں۔
بین الاقوامی فلائٹ شیڈول کے مطابق منسوخ ہونے والی پروازوں میں پشاور سے العین، ریاض اور دوحہ کیلئے 3 پروازیں جبکہ ریاض اور العین سے پشاور کے لیے 2 پروازیں شامل ہیں۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی سے جدہ کی پرواز کی روانگی میں 4 گھنٹے 20 منٹ کی تاخیر کردی گئی ہے، کراچی سے صبح 8 بجکر 10 منٹ پر جدہ کیلئے شیڈول پی کے 731 اب 12 بجکر 30 منٹ پر جائے گی۔
کراچی سے مسقط کیلئے پی کے 225 کی روانگی میں 2 گھنٹے کی تاخیر ہے جبکہ ملتان سے جدہ اور دبئی کی پروازوں کی روانگی میں 3 گھنٹے سے زائد کی تاخیر متوقع ہے۔