کراچی کے علاقے بن قاسم روڈ سے بدھ کے روز 7 سالہ بچے کی لاش ملنے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق بچے سے بدفعلی کی تصدیق ہوئی ہے، بچے کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا، واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔
سرکار کی مدعیت میں درج کیے گئے مقدمے کے متن کے مطابق بچے کی لاش پر تشدد کے نشانات بھی تھے، بچے کو کہیں اور قتل کر کے چادر میں لپیٹ کر لاش بن قاسم روڈ پر پھینکی گئی۔
ایس ایس پی ملیر طارق مستوئی کے مطابق بچے کی شناخت اور ورثاء کا تاحال معلوم نہیں ہو سکا، 25 افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کی گئی ہے، جہاں سے لاش ملی وہاں کوئی سی سی ٹی وی کیمرہ نہیں۔
ایس ایس پی ملیر طارق مستوئی کا کہنا ہے کہ جائے وقوع کی جیو فینسگ کرائی گئی ہے، ابتداء میں پوسٹ مارٹم نہ کرنے پر ایم ایل او کی غفلت سامنے آئی تھی۔
ایس ایس پی ملیر طارق مستوئی کے مطابق ایم ایل او عبدالباسط کے خلاف کارروائی کے لیے بھی کہا گیا ہے، ایک روز کی تاخیر سے بچے کا پوسٹ مارٹم کر کے نمونے حاصل کیے گئے ہیں۔