مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ 21 اکتوبر پاکستان کی تاریخ کا یادگار دن ہے۔
میاں محمد نواز شریف کا لاہور میں شاندار استقبال کرنے کے لیے ملک کے مختلف شہروں سے قافلے اپنی منزل کی جانب رواں دواں ہیں جن کی قیادت لیگی رہنما کر رہے ہیں۔
لیگی رہنماؤں کی جانب سے اس موقع پر عوامی جوش و جذبے اور قافلوں میں شرکت سے متعلق میڈیا سے گفتگو کی گئی ہے۔
احسن اقبال نے کیا کہا؟
احسن اقبال کی قیادت میں قافلہ نوازشریف کے استقبال کے لیے نارووال سے لاہور کی جانب روانہ ہوا ہے۔
احسن اقبال نے کہا ہے کہ21 اکتوبر پاکستان کی تاریخ کا یادگار دن ہے، نواز شریف کی قیادت میں آج پاکستان کی ترقی کے نئے سفر کا آغاز ہو گا۔
لوگ نواز شریف کی محبت میں نکلے ہیں: عطاء تارڑ
ن لیگ کے رہنما عطاء اللّٰہ تارڑ نے ’ سب تک نیوز‘ سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ لوگ نواز شریف کی محبت میں نکلے ہیں، ہمارا قافلہ گوجرانوالہ ڈویژن کا سب سے بڑا قافلہ ہے، کارکنوں کی ناراضی کے طعنے دینے والے آج ہمارے قافلے دیکھ لیں۔
طلال چوہدری جلسے کیلئے روانہ
مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری جلسے میں شرکت کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
اس دوران اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے پہلے بھی ناممکن کو ممکن کر کے دکھایا ہے، نواز شریف آج پاکستانیوں سے دل کی بات کریں گے۔
’آج پورے ملک سے لوگ نکلے ہوئے ہیں‘
امیر مقام کی قیادت میں قافلے صوابی انٹرچینج سے لاہور کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔
اس موقع پر امیر مقام کا میڈیا سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ آج پورے ملک سے لوگ نکلے ہوئے ہیں۔
خرم دستگیر کا ردِ عمل
رہنما مسلم لیگ ن خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے آج ایک امید کا دن ہے، آگے بڑھنے کا دن ہے، 9 مئی کے بعد جو مایوسی چھائی ہے آج چھٹ رہی ہے، آج ایک بہت ہی عظیم الشان تعداد مینارِ پاکستان پر نواز شریف کا استقبال کرے گی۔
خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ ہمارے ساتھ جو نا انصافیاں ہوئی ہیں اس کے ازالے کا دن ہے۔