پشاور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کامران بنگش کو جوڈیشل ریماند پر جیل بھیج دیا۔
پولیس نے پی ٹی آئی رہنما کامران بنگش کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کر دیا۔
اس دوران کامران بنگش کے وکلاء علی زمان اور سید سکندر حیات شاہ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے کامران بنگش کو جوڈیشل ریماند پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔
دورانِ سماعت علی زمان ایڈووکیٹ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ پولیس نے بغیر وارنٹ کے کامران بنگش کے گھر پر چھاپہ مارا، ایف آئی آر میں لگائے الزامات بے بنیاد ہیں۔
علی زمان ایڈووکیٹ نے عدالت میں مزید کہا کہ پرویز خٹک کے جلسے میں شرکت سے انکار پر ان کو گرفتار کیا گیا۔
دوسری جانب سکندر حیات شاہ ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ کامران بنگش کو مقدمے سے ڈسجارچ کیا جائے۔
یاد رہے کہ رہنما پی ٹی آئی مراد سعید کو پناہ دینے پر کامران بنگش کے خلاف ایف آئی آر درج ہے۔
پولیس کے مطابق ایف آئی آر تھانہ چمکنی کے ایس ایچ او کی مدعیت میں درج کی گئی ہے جس میں دہشت گری سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق کامران بنگش نے اشتہاری مراد سعید کو حجرہ میں پناہ دے رکھی تھی، مراد سعید کی گرفتاری کے لیے پولیس نے کامران بنگش کے حجرے پر چھاپہ مارا تھا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق چھاپے کے دوران کامران بنگش اور دیگر نے پولیس پر فائرنگ کی، کامران بنگش کو اسلحے سمیت گرفتار کیا گیا، فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا تھا، فائرنگ کے دوران مراد سعید فرار ہو گئے تھے۔