اسرائیل کے غزہ پر حملے 15ویں روز بھی جاری ہیں جہاں اسرائیلی بمباری سے غزہ میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 4 ہزار 385 ہوگئی۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ کے فلسطینی شہدا میں 1756 بچے اور 976 خواتین شامل ہیں، غزہ میں اسرائیلی بمباری سے 13 ہزار 651 فلسطینی زخمی ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں امداد کی فراہمی پر اسرائیل کی ہٹ دھرمی بھی برقرار ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے غزہ میں کوئی انسانی بحران نہیں، غزہ جانے والی امداد میں ایندھن نہیں جائے گا۔
فلسطینی وزارت صحت نے امداد میں ایندھن شامل نہ ہونے کو بیماروں، زخمیوں کی جانوں کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے عالمی برادری اور مصر سے غزہ امداد میں ایندھن بھی شامل کرنے کا مطالبہ کردیا۔
مصر کی رفح کراسنگ سے امدادی ٹرک غزہ کے جنوبی علاقے میں پہنچ گئے، اقوام متحدہ کے ادارہ عالمی خوراک نے 20 امدادی ٹرکوں کو ناکافی قرار دے دیا۔
ورلڈ فوڈ پروگرام کا کہنا ہے غزہ میں کھانا، پانی، بجلی، ایندھن نہیں ہے، غزہ کی تشویشناک صورتحال میں مزید فوری امداد درکار ہیں۔
اسرائیل نے غزہ میں خوراک، پانی، بجلی، ایندھن کی رسائی روک رکھی ہے، غزہ میں 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 4 ہزار 385 ہوگئی ہے۔