انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں بنگلادیش کے خلاف میچ میں سنچری بنانے کے باوجود بھارت کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی کو تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
بنگلادیش کے خلاف میچ میں ویرات کوہلی نے 103 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ اس میچ میں ایک وائیڈ بال پر بھی تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔
میچ میں جہاں کرکٹ ماہرین نے ویرات کوہلی کی اننگز کو سراہا وہیں بھارتی کرکٹر چتیشور پجارا اس سے ناخوش دکھائے دیے اور مختلف تبصرہ کیا۔
کرک انفو سے بات چیت کرتے ہوئے چتیشور پجارا کا کہنا تھا کہ میں بھی ویرات کوہلی کو سنچری کرتا دیکھنا چاہتا تھا، لیکن آپ کو یہ ذہن میں رکھنا چاہیے کہ آپ کو جلد از جلد میچ ختم کرکے اپنا رن ریٹ ٹاپ پر رکھنا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آپ کو نیٹ رن ریٹ کا سوچتے ہوئے ٹیم کو پہلے رکھنا ہے، اور یہی میرا نظریہ ہے۔
چتیشور پجارا نے کہا کہ آپ اپنا سنگ میل چاہتے ہیں لیکن وہ ٹیم کی قیمت پر نہیں ہونا چاہیے۔ بطور کھلاڑی آپ کے پاس انتخاب کا موقع ہوتا ہے، لیکن کچھ کھلاڑی ایسے ہیں جو یہ سوچتے ہیں کہ اگر وہ سنچری بنا لیں گے تو یہ اگلے میچ میں انکے لیے مددگار ثابت ہوگی۔