بھارتی شہری نے سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والی اپنی دوست کو نئی دہلی بلا کر قتل کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق قتل کی واردات میں ملوث ملزم کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی خاتون کی لاش انہیں دہلی کے مغربی علاقے تلک نگر سے کچرے کے تھیلی میں لپٹی ہوئی ملی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی شناخت نینا برجر کے نام سے ہوئی ہے جبکہ اس کے دوست گرپریت سنگھ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ بھارتی شہری اور سوئس خاتون کے درمیان گہری دوستی تھی اور ملزم آنجہانی خاتون سے ملاقات کےلیے سوئٹزرلینڈ بھی جایا کرتا تھا۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ملزم کو شک تھا کہ اس کی دوست نینا برجر کا کسی اور کے ساتھ بھی مبینہ تعلق ہے اور اسی شک کی بنیاد پر اس نے نینا کو دھوکے سے بھارت بلا کر قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق 11 اکتوبر کو نئی دہلی پہنچنے والی اس خاتون کو ملزم نے پانچ روز بعد قتل کیا اور لاش گاڑی میں چھپا دی تاہم جب لاش میں سے تعفن اٹھنے لگا تو پھر ملزم لاش تلک نگر میں پھینک کر فرار ہوگیا۔
پولیس نے بتایا کہ مذکورہ شخص کو اس کی گاڑی کے رجسٹریشن نمبر کی مدد سے تلاش کرکے گرفتار کرلیا گیا۔