غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت کے باعث ایم ٹی وی میوزک ایوارڈز کی تقریب منسوخ کر دی گئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آرگنائزرز پیراماؤنٹ کا کہنا ہے کہ یہ وقت اس تقریب کے لیے موزوں نہیں ہے، دن بہ دن بدلتے حالات اور عالمی واقعات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے احتیاطاً ایورڈز کی تقریب کو منسوخ کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم ٹی وی ایوارڈ کی تقریب 5 نومبر کو پیرس میں ہونی تھی، جس میں کورین بینڈ بی ٹی ایس کے ممبر جنگ کک اور لی این کو پرفارم کرنا تھا۔
اس کے علاوہ ایوارڈ شو میں دوجا کیٹ، ملی سائرس، اولیویا روڈریگو، ایس زیڈ اے، ٹیلر سوئفٹ اور نکی میناج کو بہترین آرٹسٹ کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ آرگنائزرز پیراماؤنٹ کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے ایم ٹی وی کے یورپ میوزک ایوارڈز عالمی موسیقی کی سالانہ تقریب ہے جس میں میوزک انڈسٹری سے وابستہ غیر معمولی فن کا مظاہرہ کرنے والے فنکاروں کو اعزازات سے نوازا جاتا ہے۔
تاہم اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری کشیدگی کے سبب ہزاروں قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے ایوارڈ شو کے منتظمین نے تقریب کو 2024ء تک ملتوی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وقت عالمی جشن منانے کا نہیں ہے۔