غزہ میں زخمیوں سے بھرے اسپتال پر بمباری کے بعد اسرائیل نے القدس اسپتال تباہ کرنے کی دھمکی بھی دے دی۔
عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈروس ادہانوم نے اسرائیلی دھمکی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ القدس اسپتال خالی کرنے کے مبینہ احکامات پریشان کن ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریضوں سے بھرے اسپتال کو محفوظ طریقے سے خالی کرنا ممکن نہیں۔
ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے مطالبہ کیا ہے کہ عام شہریوں اور مریضوں کے تحفظ کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے۔
لبنانی علاقے سے حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک
دوسری جانب اسرائیلی فوج نے بتایا ہے کہ لبنانی علاقے سے حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گیا ہے۔
امریکی صدر جوبائیڈن کا کہنا ہے کہ رفاہ کراسنگ پر رکی انسانی امداد 24 سے 48 گھنٹوں میں غزہ پہنچ جانی چاہیے۔
واضح رہے کہ مصر میں رفاہ کراسنگ پر امدادی ٹرک غزہ تک رسائی کی اجازت ملنے کے منتظر ہیں۔
امریکی صدر نے دورۂ اسرائیل میں 20 امدادی ٹرکوں کو غزہ جانے کی اجازت کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے کہ 17 اکتوبر کو اسرائیلی فوج نے غزہ میں زخمیوں سے بھرے اسپتال پر بمباری کی تھی جس سے بچوں اور خواتین سمیت 500 فلسطینی شہید جبکہ سیکڑوں شدید زخمی ہو گئے تھے۔