لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں پاکستان مسلم ن لیگ کے جلسے کا ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا۔
داخلی و خارجی راستوں اور گریٹر اقبال پارک کے گرد و نواح میں اضافی نفری تعینات ہو گی۔
شرکاء کی گاڑیوں کی پارکنگ کے لیے 16 پوائنٹس مخصوص کیے گئے ہیں جبکہ بڑی گاڑیوں پر آنے والے شرکاء کے لیے 3 ڈراپ لین مختص ہیں۔
گجرات، گوجرانوالہ، کامونکی، مریدکے، جی ٹی روڈ سے آنے والے کالا شاہ کاکو سے جلسہ گاہ پہنچیں گے جبکہ سرگودھا، فیصل آباد، موٹر وے سے آنے والے سگیاں سے براستہ جلسہ گاہ تک پہنچیں گے۔
اس کے علاوہ اوکاڑہ، ساہیوال، ملتان روڈ سے آنے والے براستہ بابو صابو جلسہ گاہ پہنچیں گے جبکہ قصور، کاہنہ اور فیروزپور روڈ، مال روڈ سے آنے والے براستہ کچہری چوک پہنچیں گے۔
کچہری چوک سے آنے والی گاڑیاں شرکاء کو اتار کر سگیاں رنگ روڈ پر پارک ہوں گی اور نیازی شہید چوک سے آنے والی گاڑیاں مولانا احمد علی روڈ پر شرکاء کو اتار کر واپس رنگ روڈ پر پارک ہوں گی۔
آغاز فلائی اوور تک ٹمبر مارکیٹ، نیازی شہید چوک تک بھی سنگل لین پارکنگ ہو گی، محکمۂ جنگلات پارکنگ، لاری اڈا بس اسٹینڈ کو بھی استعمال میں لایا جائے گا۔
سی ٹی او کا کہنا ہے کہ شہریوں کو راستہ ایپ، ایف ایم ریڈیو، ہیلپ لائن 15 سے ٹریفک صورتِ حال سے آگاہ رکھا جائے گا۔
دوسری جانب ایمبولینسز اور ایمرجنسی گاڑیوں کے لیے ہمہ وقت راستہ کلیئر رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔