پیپلز پارٹی کے ترجمان فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سابقہ اتحادی جماعت مسلم لیگ (ن) نے اپنا بیانیہ تبدیل کرلیا ہے، وہ کل کو گلہ نہ کرے۔
سب تک نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کے دوران فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ آج غالباً رسم تاج پوشی ہورہی تھی، پنجاب کی انتظامیہ نے نواز شریف کی مدد کی، ن لیگ نے قانون کی دھجیاں بکھیریں۔
پی پی ترجمان نے مزید کہا کہ اس ملک میں میوزیکل چیئر کھیلی جاتی ہے، نواز شریف کو چاہیے تھا کہ الیکشن کی بات کرتے، لیکن انہوں نے نہیں کی۔
اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو یقین ہوتا کہ لوگ ان کو ووٹ دیں گے تو وہ الیکشن کی بات کرتے، آج ن لیگی قائد اپنی سی وی پیش کررہے تھے۔
فیصل کریم کنڈی نے یہ بھی کہا کہ فیصلہ عوام کو ووٹ کے ذریعے کرنا ہے، اس بار ووٹ پر ڈاکا نہیں ڈلے گا، اگر ایسا ہوا تو انارکی پھیلے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم ہمیشہ کہتے ہیں کہ ہر ادارے کو اپنے دائرے میں رہ کر کام کرنا چاہیے، اس بار سلیکشن نہیں ہوسکتی، ووٹرز کی اکثریت نوجوانوں کی ہے۔
پی پی ترجمان نے کہا کہ جلسہ بھرنا الگ بات ہے، ووٹ بھرنا الگ، کیا کسی سیاسی جماعت کو ٹرین کے ڈبوں پر اس طرح سے پینٹنگ کی اجازت ہے؟
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ان کے بنائے ہوئے آئین میں تھا کہ نواز شریف آئیں گے تو الیکشن کرائیں گے، اب کرادیں، پیپلز پارٹی کا ہوم ورک مکمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کبھی بھی نہیں کہتے ہیں کوئی سیاسی جماعت الیکشن سے باہر ہو، ہم یہ نہیں کہتے ہیں پی ٹی آئی پرپابندی لگائی جائے۔