پی آئی اے کو فیول کی فراہمی بند ہونے کی خبریں سامنے آنے کے بعد پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کا موقف بھی سامنے آگیا ہے۔
پی ایس اوکے مطابق قومی ایئرلائن کو فیول کی فراہمی بند نہیں کی، جمعہ کی رات سے اب تک 64 فلائٹس کو فیول فراہم کیا جا چکا ہے۔پی ایس او ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعہ کی شام پی آئی اے نے ہفتہ اور اتوار کے فیول کیلئے 22 کروڑ روپے ادا کردیئے تھے۔ رقم فراہمی کے ساتھ پی آئی اے نے فیول فراہمی کیلئے 39 فلائٹس کی لسٹ بھی دے دی تھی۔فیول پی آئی اے کی فراہم کردہ ترجیحی فلائٹس لسٹ کے مطابق فراہم کیا جارہا ہے، پی آئی اے کی ہفتہ اور اتوار کیلئے ادا کردہ رقم کی لمٹ ابھی باقی ہے۔باقی رقم کے مطابق پی آئی اے جن پروازوں کیلئے فیول مانگے گا انہیں دیں گے۔ پی آئی اے کی جانب سے خود بقیہ رہ جانے والی رقم پر پروزوں کا شیڈول نہیں دیا جارہا۔پی ایس او ذرائع کے مطابق پی ایس او کے پاس ابھی بھی چھ کروڑ روپے کا فیول موجود ہے .جس پر پی آئی اے فیولنگ کرسکتا ہے۔