انقرہ: ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی شہریوں، بچوں اور خواتین کے قتل سے باز رہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ غزہ پر حملوں میں اضافہ کرنے سے اور بچوں، خواتین اور شہریوں کو قتل کرکے مزید درد، موت اور آنسوؤں کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ٹوئٹر پیغام میں ترک صدر نے کہا کہ ہسپتال، اسکول اور گرجا گھر پر بمباری سے اسرائیل کی سکیورٹی یقینی نہیں بنائی جاسکتی۔ جبر کسی کو اسرائیل کے آگے جھکنے پر مجبور نہیں کرسکتا۔ اسرائیلی حکومت اپنے غلط اقدامات سے باز رہے۔ پیغام میں ترک صدر نے کہا کہ اسرائیلی انتظامیہ ریاستی حکمتِ عملی سے کام کرنے کی بجائے خطے سے باہر کی طاقتوں کو اُکسانے والی تنظیم کا سا کردار ادا کررہی ہے۔ ہمارے خطے کو جلد از جلد اس جنگی جنون سے بچانے کی ضرورت ہے۔ ترک صدر نے کہا کہ مغربی ممالک اسرائیل کے جنگی جنون کی حوصلہ افزائی میں ملوث ہیں اور مغربی میڈیا اور ادارے اسے جائز قرار دینے کی کوشش میں ہیں۔ تمام ریاستیں اور عالمی ادارے غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر جنگ بندی کی حمایت کریں۔صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ اسرائیل شہریوں کے خلاف اپنے حملوں میں اضافہ نہ کرے۔ اپنے حملے فوری بند کرے جو فلسطینیوں کی نسل کشی کے مترادف ہیں۔ ہم یقین رکھتے ہیں کہ ایک نئے میکانزم کے قیام سے مستقل استحکام حاصل کیاجاسکتا ہے۔