پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ترجمان شعیب شاہین نے کہا ہے کہ مجرم اور مفرور شخص کو ریاستی مہمان کا درجہ دیا گیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شعیب شاہین نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف نے گزشتہ 16 ماہ میں ملک کو بدترین مہنگائی دی۔
انہوں نے کہا کہ آج شریف برادران عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں، نواز شریف ڈیل کرکے اور اپنا بیانیہ تبدیل کرکے پاکستان واپس آئے۔
پی ٹی آئی ترجمان نے مزید کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت دی جائے تو وہ ن لیگ سے بڑا جلسہ کرکے دکھائیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایک ایسے شخص کو مسلط کیا جا رہا ہے جو مفرور ہے، مجرم اور مفرور شخص کو ریاستی مہمان کا درجہ دیا گیا ہے۔
شعیب شاہین نے یہ بھی کہا کہ آج لاہور میں پی ٹی آئی کی کارنر میٹنگ پر پولیس نے دھاوا بولا، پولیس نے لوگوں کے گھروں پر چھاپے مارے، چادر و چار دیواری پامال کی۔
انہوں نے کہا کہ لندن پلان کا چیئرمین پی ٹی آئی نے ایک سال پہلے بتا دیا تھا، جس پر عمل درآمد ہوا، تجربے کرنا بند کریں، عوام کو حق دیں وہ اپنی مرضی سے ووٹ کاسٹ کرسکیں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ کل بائیو میٹرک کے لیے عملہ ایئر پورٹ پر پہنچا عوام نے دیکھا ایک مجرم کو کیسے ضمانت ملی، یہ لوگ ڈیل کر کے بیرون ملک جاتے ہیں اور واپس آتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے بقول انتقامی کارروائی نہیں ہوگی، چیئرمین پی ٹی آئی سے انتقام لیا جارہا ہے جو سب کے سامنے ہے۔