بالی ووڈ کے سینئر اداکار انیل کپور کی جانب ہر ایک کی توجہ اس وقت مبذول ہوئی، جب انہوں نے انسٹاگرام پر لگی اپنی ڈسپلے تصویر اور تمام پوسٹ ہٹا دیں۔
66 سالہ انیل کپور جو آئندہ آنے والی ایکشن تھرلر فلم اینیمل میں نظر آئیں گے، انکی جانب سے سوشل میڈیا ایپ سے تمام پوسٹس ہذف کرنے کے اقدام پر نہ صرف انکے پرستار بلکہ انکی بیٹی اور معروف اداکارہ سونم کپور بھی حیران ہیں۔
حالانکہ ابتدا میں تو لوگ یہ سمجھے کہ یہ انکی جانب سے اس سال دو دسمبر کو ریلیز ہونے والی فلم اینیمل کی پروموشن کا کوئی طریقہ ہے، اس فلم میں انکے ساتھ رنبیر کپور اور رشمیکا مندانا اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ انیل کپور سوشل میڈیا پر فلم کو کک آف کرنے کے حوالے سے نادیدہ رہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اپنی 1987 کی فلم مسٹر انڈیا کی طرح وہ سوشل میڈیا پر نادیدہ و پوشیدہ ہوگئے ہیں۔
جب میڈیا نے انکے بڑے بھائی بونی کپور سے اس حوالے سے سوال کیا تو انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ انیل کپور اور اپنی آنجہانی اہلیہ سری دیوی کی بطور اداکار اس سال کے اوائل میں مسٹر انڈیا کا سیکوئل بنانا چاہتے تھے۔
انکا کہنا تھا کہ میں نے ابھی تک انیل کپور کا انسٹا گرام پروفائل نہیں دیکھا۔ ساتھ ہی انھوں نے تمام معاملات طے ہونے تک مسٹر انڈیا ٹو پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔