لاہور ( سب تکرپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گلبرگ میں پارکس اینڈ ہارٹیکلچرکی کمرشل نرسری کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے نرسری کا دورہ کیا اور نرسری میں رکھے پھول اور پودے دیکھے۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے فلاور شاپ کا بھی معائنہ کیا اورگلدستہ کی کوالٹی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی لاہور میں مزید فلاور شاپس قائم کرے گی۔ لاہورکی طرز پر ملتان،گوجرانوالہ، فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بھی فلاور شاپس قائم کی جائیں گی۔ نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی سے ڈاکٹر شہلا جاوید اکرم کی سربراہی میں ویمن چیمبر آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلی محسن نقوی نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے ون ونڈو آپریشن کا آغاز کر رہے ہیں۔ ون ونڈو آپریشن کے ذریعے متعدد این او سیز ایک ہی چھت تلے دستیا ب ہوں گے۔ وزیراعلی محسن نقوی نے کہا کہ ویمن چیمبر آف کامرس سے متعلقہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کیلئے خواتین کا عملی میدان میں موثر کردار ناگزیر ہے۔ ویمن چمبر آف کامرس کے وفد میں سحرملک، قیصرہ شیخ، صائمہ اقبال، عائشہ خرم، شازیہ طفیل، عائشہ ناصر، فلاحت عمران، فرح جہانگیر، شازیہ سلیمان، صبا مبارک، طاہرہ نسیم، سارہ مدثر، رخسانہ ظفر اور دیگرخواتین شامل تھیں۔ صوبائی وزیر صنعت و زراعت ایس ایم تنویر، سیکرٹری صنعت اور ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن بھی اس موقع پر موجود تھے ”محسن سپیڈ راولپنڈی رنگ روڈ پر ”، وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ وزیراعلی نے منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے کمشنر راولپنڈی اور ایف ڈبلیو او کے حکام کو ضروری ہدایات دیں۔ وزیراعلیٰ نے خالصہ خورد اڈیالہ انٹرچینج کی سائٹ کا معائنہ کیا اور پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ اضافی ورک فورس لگا کر منصوبے پر کام کی رفتار تیز کی جائے۔ وزیراعلی نے نیسپاک کو پراجیکٹ سے متعلق ڈرائنگ کا کام جلد فراہم کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ارتھ ورک سلو ہے، اسے تیز کیا جائے اور ڈمپرز کی تعداد بڑھائی جائے۔ وزیراعلی نے کمشنر راولپنڈی کو پراجیکٹ کا باقاعدگی سے وزٹ کر کے رپورٹ بھجوانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی رنگ روڈ پراجیکٹ کو خود مانیٹر کروں گا۔ ایف ڈبلیو او کے کیمپ آفس کا بھی دورہ کیا۔