لاہور+گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر+نمائندہ خصوصی + سب تکرپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے گزشتہ روز اکبر چوک فلائی اوورز پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ نئے تعمیر شدہ فلائی اوور کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کالج روڈ کی تعمیر وبحالی بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ بعدازاں وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اکبر چوک فلائی اوورز پراجیکٹ کے دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرف نواز شریف کو ہی نہیں دیگر کو بھی سکیورٹی دی جاتی ہے۔ پولیس ایس او پیز کے مطابق سب رہنماو¿ں کو سکیورٹی مل رہی ہے۔ زمان پار ک میں بھی سکیورٹی اور جیمر وغیرہ جارہے تھے۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین کو بھی برابر سکیورٹی مل رہی تھی۔ پنجاب بھر میں اساتذہ رہا ہوچکے ہیں۔ کسی کو تعلیمی ادارے بند کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ احتجاج میں طلباء کو شامل کرنا غلط ہے۔ سکولوں کی پرائیوٹائزیشن کی بات بے بنیاد ہے۔ 50ہزار فیس ہونے کی بات بالکل غلط ہے۔ میرا وعدہ ہے کہ صحافیوں کو اچھی چیز دے کر جاو¿ں۔ صرف میں ہی نہیں وزرائ، چیف سیکرٹری بھی دورے کررہے ہیں۔ پنجاب بھر کے 100ہسپتالوں کی تعمیر ومرمت کا کام 31جنوری تک مکمل کرلیا جائے گا۔ 750تھانوں میں بہتری کے لئے ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔ جنرل ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک کی اپ گریڈیشن کا پراجیکٹ شروع ہو گیا۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی جائزہ لینے پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ ایمرجنسی بلاک سے اتارے جانے والے طبی اور برقی آلات کو ضائع کرنے کی بجائے سٹور میں محفوظ کیا جائے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے جنرل ہسپتال ایمرجنسی بلاک کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا‘ آپریشن تھیٹر کا بھی معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے لاہور، سیالکوٹ موٹروے کے ساتھ گوجرانوالہ کو لنک کرنے کیلئے زیر تعمیر دو رویہ سڑک کامعائنہ کیا اور سڑک کی تعمیر کے لئے جاری کاموں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے گوجرانوالہ موٹروے لنک روڈ کو ٹریفک کے لیے کھولنے کی 25 دسمبر کی حتمی ڈیڈ لائن دے دی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے پورے روٹ کا فضائی دورہ بھی کیا اور روٹ پر جاری ترقیاتی کاموں کا مشاہدہ کیا۔ 25 دسمبر کو گوجرانوالہ موٹروے کے ساتھ لنک ہوجائے گا اور لاہور تک کا فاصلہ 45 منٹ سے کم رہ جائے گا۔ وزیراعلی پنجاب نے ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب ایگریکلچر، فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی مختلف فلور پر گئے اور اتھارٹی کے قائم کئے جانے والے شعبوں میں فنشنگ کے کاموں کامعائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے لیبز کیلئے خریدے گئے آلات دیکھے اور عمارت کے سول ورک کو اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کرنے کی ہدایت کی اور پوری عمارت کا 100فیصدکام 31دسمبر تک مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن دی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے آج پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں زیر علاج ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے وزیراعلیٰ آفس کے فوٹو گرافر عثمان زبیری اور ڈرائیور آفتاب گل کی عیادت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے فوٹو گرافر عثمان زبیری اور ڈرائیور آفتاب گل کے بہترین علاج معالجے کیلئے ڈاکٹرز کو ہدایات دیں۔