پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ اشنا شاہ کا کہنا ہے کہ جب تک فلسطین آزاد نہیں ہو گا ہم چُپ نہیں بیٹھیں گے، ہم یہود دشمن نہیں بلکہ ہم فلسطینیوں کی نسل کُشی اور ان کی آواز کو دبانے کے خلاف ہیں۔
حال ہی میں کراچی میں سول سوسائٹی پاکستان کی جانب سے فلسطینیوں سے اظہارِ یک جہتی کے لیے ریلی نکالی گئی، جس میں اداکارہ اشنا شاہ نے بھی پلے کارڈ اُٹھا کر شرکت کی۔
خیال رہے کہ اداکارہ اشنا شاہ غزہ پر اسرائیلی بربریت کے خلاف مسلسل سوشل میڈیا پر آواز بلند کر رہی ہیں، اب حال ہی میں نکالی گئی ریلی میں انہوں نے خطاب بھی کیا، جس کی مختلف ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔
وائرل ویڈیوز میں دیکھا اور سنا جاسکتا ہے کہ اشنا شاہ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہ 1948ء سے فلسطینیوں پر ظلم ہو رہا ہے، اسرائیل، اسپتالوں پر بمباری کر رہا ہے، یہ جنگ نہیں بلکہ نسل کشی ہے، یہ غیر قانونی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا صرف دیکھ رہی ہے بلکہ دنیا کے سپر پاور ممالک اسرائیل کی مدد کر رہے ہیں، ان کے ہاتھوں پر معصوم فلسطینیوں کا خون ہے، مغربی میڈیا فلسطینیوں کی آواز کو دبا رہا ہے، غلط رپورٹنگ کر رہا ہے اور جو سوشل میڈیا پر فلسطینیوں کے لیے پوسٹ کرتے ہیں بین کر دیا جاتا ہے۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ ہر پاکستانی، مسلم اور یہاں تک کہ یہودی بھی فلسطین کے حق میں آواز اٹھا رہے ہیں، یہ اب یہودی یا مسلمانوں کا مسئلہ نہیں رہا بلکہ یہ نسل کشی ہے، جس کے خلاف ہر شخص کو سڑکوں پر نکلنا چاہیے اور صحیح تاریخ کا ساتھ دینا چاہیے اور الحمدلِلّٰہ ہم حق کے راستے پر ہیں۔
اشنا شاہ نے زور دیا کہ ہر شہری گھروں سے باہر نکلے اور فلسطینیوں کے حق میں آواز اٹھائے، ہمیں اپنی حکومت پر بھی دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے، میں سمجھتی ہوں کہ ہر پاکستانی کو اس ریلی کا حصہ بننا چاہیے، اپنی حکومت پر دباؤ ڈالیں کہ اس مسئلے پر غیر جانبدارانہ بیانات نہ دیں بلکہ کھلے عام اس کی مذمت کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم صرف سیز فائر نہیں چاہتے بلکہ فلسطین کی حقیقی آزادی چاہتے ہیں، اس کی وہی قانونی حثیت چاہتے ہیں جو 1948ء سے قبل تھی، جب تک فلسطین آزاد نہیں ہو گا ہم چُپ نہیں بیٹھیں گے۔