اسلام آباد ( سب تکرپورٹ) چیئرمین پاکستان علما کونسل علامہ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ اگر آج ہم غزہ کیلیے آواز نہیں اٹھائیں گے تو کل یہ آگ ہر جگہ جائے گی۔طاہر اشرفی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ دنیا دو حصوں میں تقسیم ہو چکی ہے ایک ظالم دوسرا مظلوم، ہزاروں فلسطینی شہید ہو چکے جن کا جرم صرف اپنا حق اور آزادی مانگنا ہے، امت مسلمہ پہلی دفعہ یکجا نظر آتی ہے مگر اسے تقسیم کرنے کی سازش ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ شاید کچھ دنوں میں مسلم دنیا فلسطین کے مسئلے پر 2 حصوں میں تقسیم ہو جائے، او آئی سی کے اعلامیہ کی روشنی میں مسلم امہ کو اب قدم اٹھانا ہوگا، اقوام متحدہ کا سیکرٹری جنرل بھی کہتا ہے حالات بہت خراب ہیں۔چیئرمین پاکستان علما کونسل نے سوال اٹھایا کہ کہ فلسطین میں امداد نہیں جانے دی جا رہی، یہ بے بسی صرف کشمیر اور فلسطین کیلئے ہی کیوں ہے؟ ابھی تک صرف چند ٹرکوں کی امداد فلسطین گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فلسطین اور کشمیر تقاضہ کرتے ہیں امت ایک ہو جائے، امت مسلمہ کو اب ایک آزاد فلسطین کی ریاست کیلیے کھڑا ہو جانا چاہیے، ہدف خالی غزہ نہیں اسلامی ممالک کا استحقاق بھی ہدف ہے، ہم نے خود بھی بہت لاشیں اٹھائی ہیں۔