جھلملاتے اور جگمگاتے شہر مانچسٹر کی رونق میں اس وقت اضافہ دیکھنے میں آیا، جب پانچویں بین الاقوامی پاکستان پرسٹیج ایوارڈ (آئیپا) نے اپنی پروقار تقریب منعقد کی۔
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ٹیلنٹ، گلیمر اور کامیابیوں کے اعتراف میں منعقد کیے جانے والے یہ پانچویں ایوارڈز شاندار اور رنگارنگ ایوارڈز تھے۔
آئیپا کا ریڈ کارپٹ خوبصورت ڈریسز میں ملبوس مشہور و معروف شخصیات کی کہکشاں سے سجا ہوا تھا۔
ایوارڈ کی تقریب کے جگمگاتے ستاروں کی فہرست میں عتیقہ اوڈھو، احسن خان، حمائمہ ملک، علی رحمٰن، کومل میر، یشما گل، حبا بخاری، احمد علی بٹ، اظفر رحمٰن، منشا پاشا، امر خان، عدنان صدیقی، ہمایوں سعید، نازش جہانگیر، ہانیہ عامر، شیراز اُپل، مہوش حیات، شہریار منور صدیقی، عائشہ عمر اور سیدہ طوبیٰ انور سمیت بہت سے دیگر نام شامل تھے۔
اس خوبصورت شام کا آغاز پاکستان اور برطانیہ کے قومی ترانوں سے کیا گیا۔ ایوارڈز کی یہ تقریب دلکش پرفارمنسز، دل میں اتر جانے والی تقاریر اور تفریحی لمحات سے سجی ہوئی تھی۔
ایوارڈز کی ستاروں بھری شام کا آغاز تقریب کی پہلی میزبان جوڑی اظفر رحمٰن اور حِبا بخاری نے کیا۔
میزبانو ں نے آئیپا کے منتظمین علی ملک اور مختار چوہان کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں دعوت خطاب دی۔
مدعوئین نے اپنی مختصر مگر جامع تقاریر میں ایوارڈز کے حوالے سے مانچسٹر کے لوگوں کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا۔