غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف آپریشن کا آغاز ہو گیا، مہلت ختم ہوتے ہی کراچی سے 4 افغانیوں کو گرفتار کر کے ہولڈنگ کیمپ منتقل کر دیا گیا۔
ڈسٹرکٹ ایسٹ پولیس کی بھاری نفری کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ الآصف اسکوائر پہنچ گئی ہے۔
غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو واپسی کی ہدایت کے لیے لاؤڈ اسپیکر پر اعلانات کیے جا رہے ہیں۔
پولیس نے ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام غیر ملکی افراد آج رات 12 بجے تک رضا کارانہ طور پر واپس چلے جائیں۔
کراچی: غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع
پولیس کا کہنا ہے کہ کراچی میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔
اس حوالے سے پولیس نے بتایا ہے کہ کراچی کے علاقے صدر کے قریب غیر قانونی مقیم 4 غیر ملکیوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ان کو ہولڈنگ سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام نے کہا کہ حراست میں لیے گئے چاروں غیر ملکیوں کا تعلق افغانستان سے ہے، چاروں غیر ملکی غیر قانونی طور پر کراچی میں رہ رہے تھے۔
اسلام آباد: غیر قانونی رہائش پذیر غیر ملکیوں کیخلاف آپریشن
اسلام آباد میں غیر قانونی رہائش پذیر غیر ملکیوں کو ملک چھوڑنے کی حکومتی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد پولیس نے ای الیون میں آپریشن کرتے ہوئے متعدد غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو تھانہ گولڑہ منتقل کر دیا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اسلام آباد پولیس نے آج سے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا ہے۔
چمن: درجن بھر غیر قانونی تارکینِ وطن زیرِ حراست
دوسری جانب چمن کے مختلف علاقوں سے درجن بھر غیر قانونی تارکینِ وطن کو حراست میں لیا گیا ہے۔
لیویز حکام کے مطابق ملک بھر سے افغان مہاجرین کی غیر معمولی تعداد چمن پہنچ گئی ہے، افغان مہاجر خاندانوں کو رجسٹریشن کے بعد کیمپ منتقل کیا جا رہا ہے، کیمپ میں اب تک 5 ہزار افغان مہاجر پہنچ چکے ہیں۔
KP: غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کیخلاف کارروائیاں شروع
انسپکٹر جنرل خیبر پختون خوا پولیس اختر حیات خان نے سب تک نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف خیبرپختونخوا میں کارروائیاں شروع کر دیں،ان کو مختص مقامات پر منتقل کیا جائے گا۔
آئی جی کے پی کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم غیرملکیوں کو خیبر پولیس کے حوالے کر کے طورخم سےواپس بھیجا جائے گا، اب تک 1 لاکھ سے زیادہ غیر قانونی مقیم غیر ملکی رضا کارانہ طور پر واپس جا چکے ہیں۔
پشاور کے ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی نے ’ سب تک نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ غیر قانونی مہاجرین کے قیام کی ڈیڈ لائن ختم ہو چکی ہے، ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ پولیس کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں موجود ہیں، ٹیمیں غیر قانی مقیم مہاجرین کو وطن واپسی کی ترغیب دے رہی ہیں۔
’غیر قانونی مقیم افراد کو خیبر پولیس کےحوالے کریں گے‘
کاشف آفتاب عباسی کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس 3 کیمپ قائم ہیں، غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو کیمپوں میں لا کر خیبر پولیس کےحوالے کریں گے، خیبر پولیس غیر قانونی مقیم افراد کو بارڈر تک پہنچائے گی۔
غیر قانونی غیر ملکیوں کا انخلاء 3 نومبر سے ہو گا: IG پنجاب
اس حوالے سے آئی جی پنجاب عثمان انور کا کہنا ہے کہ پنجاب سے غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کا انخلاء 3 نومبر سے مرحلہ وار ہو گا، غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے انخلاء کے پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، حکومتی فیصلے پر من و عن عمل کروائیں گے۔
آئی جی عثمان انور کا کہنا ہے کہ غیر قانونی مقیم شہریوں کو منتقلی کے دوران ہولڈنگ پوائنٹس پر رکھا جائے گا، ٹرانسپورٹ، کھانے اور پینے کے انتظامات ضلعی انتظامیہ کی ذمے داری ہو گی، غیر ملکیوں کے انخلاء کے دوران سیکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے گی۔
راولپنڈی: 100 سے زائد غیر قانونی مقیم افغانی زیرِ حراست
ادھر راولپنڈی میں ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد 100 سے زائد غیر قانونی مقیم افغانیوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
کمشنر راولپنڈی کے مطابق اٹک، جہلم، چکوال اور راولپنڈی میں ہولڈنگ سینٹر قائم ہیں۔
جیل سے 64 افغان باشندے اسلام آباد انتظامیہ کے حوالے
اڈیالہ جیل انتظامیہ نے 64 افغان باشندوں کو اسلام آباد انتظامیہ کے حوالے کر دیا ہے۔
اڈیالہ جیل سے اسلام آباد انتظامیہ کے حوالے کیے گئے افغان باشندوں کو طورخم بارڈر بھیجا جائے گا۔
جیل ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں افغان پناہ گزینوں کی بائیو میٹرک کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
نادرا حکام اور مجسٹریٹ امجد علی اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں، جیل میں قید افغان پناہ گزینوں کی دستاویزات کی جانچ پڑتال جاری ہے۔
سنگین جرائم میں ملوث افغان پناہ گزینوں کی بڑی تعداد اڈیالہ جیل میں قید ہے۔
راولپنڈی: غیر قانونی مقیم افراد کی بے دخلی کا عمل شروع
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں غیر قانونی مقیم افراد کو دی گئی مہلت ختم ہونے پر بے دخلی کا عمل شروع کیا ہے،ان کو پناہ یا ملازمت دینے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
سرگودھا کے کمشنر کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں 4800 سے زائد غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کا ڈیٹا جمع کر لیا جبکہ 470 غیر ملکی بغیر دستاویزات کے قیام پذیر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو پہلے مرحلے میں بےدخل کیا جائے گا۔
غیر قانونی مقیم افراد کیخلاف مار دھاڑ نہیں ہو گی: وزیرِ داخلہ
نگراں وزیرِ داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ غیر قانونی طور پر مقیم تارکینِ وطن کے خلاف آپرشن سوئفٹ ہو گا، مار دھاڑ نہیں ہو گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ غیر قانونی تارکینِ وطن کو سہولت فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی ہو گی۔