سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نوازشریف کو وزیراعظم نہیں بننے دوں گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی مسلسل انتخابی کامیابیاں عوام کے اعتماد کا مظہر ہیں۔ آصف علی زرداری سے زرداری ہاؤس نوابشاہ میں عمائدین نے ملاقات کی۔ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم شہباز شریف کو میں نے بنوایا تھا لیکن انہوں نے کام نہیں کیا، سابقہ حکومت نے عوام کیلئے کام نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کیلئے کام کیا ہے، نواب شاہ میں ایگریکلچر یونیورسٹی قائم کروں گا اور ضلع میں پولیس یونیورسٹی قائم کی جائے گی جس میں امیدواروں کو پہلے تربیت دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ روہڑی کینال پر بجلی پیدا کرنے کیلئے ہائیڈرو سسٹم لگایا جائے گا، نہری نظام میں بہتری سے زرعی شعبے میں بہتری آئے گی، نواب شاہ کی آبادی میں اضافہ ہو رہا ہے اس لئے شہر کو بڑھایا جائے گا۔ قبل ازیں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ نوازشریف پاکستان آئے ہیں سیاست ان کا حق ہے، سب سے پہلے میں نے ہی نوازشریف کو پاکستان واپس آنے کا کہا۔ آصف زرداری سے شعبہ خواتین سندھ کی صدر شگفتہ جمانی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کیا۔سابق صدر نے پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی کارگردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن میں خواتین کا اہم کردار ہوگا۔ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے، میں موجود ہوں۔ پاکستان پیپلزپارٹی بھرپور تیاریوں کے ساتھ آئندہ عام انتخابات میں حصہ لے گی۔ سابق صدر مملکت سے زرداری ہاؤس میں دوسرے روز بھی کارکنان کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہا۔ آصف علی زرداری کے ہمراہ میر منور تالپور، حاجی علی حسن زرداری، طارق آرائیں، غلام قادر چانڈیو اور ستار کیریو، عاشق زرداری ودیگر بھی موجود تھے۔ صدر آصف علی زرداری کو کارکنان کی جانب سے آئندہ عام انتخابات سے متعلق تجاویز اور آرا دی گئیں۔