پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ اداکارہ منال خان کے یہاں نعمت برس گئی۔
اداکارہ منال خان اور اداکار احسن محسن اکرام کے گھر آج صبح پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر مشترکہ پوسٹ شیئر کرتے ہوئے منال خان اور احسن محسن اکرام نے اپنے مداحوں کو خوش خبری سنائی اور بیٹے کا نام بھی بتا دیا۔
اب سے کچھ دیر قبل انہوں نے پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اس نعمت پر اللّٰہ تعالیٰ کا شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ انہیں یہ بتاتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ ان کے یہاں آج یعنی بدھ کی صبح 10 بج کر 48 منٹ پر ننھے مہمان کی آمد ہوئی جس کا نام انہوں نے ’محمد حسن اکرام‘ رکھا ہے۔
منال خان اور احسن محسن اکرام نے شیئر کی گئی پوسٹ میں اپنے ننھے شہزادے کو اس دنیا میں خوش آمدید کہا ہے اور چاہنے والوں سے اس کے لیے دعاؤں کی اپیل بھی کی ہے۔
ان کی سوشل میڈیا پوسٹ کے کمنٹس میں مداحوں اور پُرستاروں کے ساتھ ساتھ ساتھی فنکاروں کی جانب سے بھی مبارک باد اور نیک خواہشات کے اظہار کا سلسلہ جاری ہے۔