سندھ ہائی کورٹ نے ایف آئی اے میں ڈیوٹی دینے والے اہلکاروں کو محکمۂ پولیس میں واپس بھیجنے سے روک دیا۔
عدالت میں ایف آئی اے میں ڈیوٹی دینے والے اہلکاروں کو محکمۂ پولیس میں بھیجنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ پولیس سے7 اہلکار 2017ء میں ڈیپوٹیشن پر ایف آئی اے تعینات ہوئے، اتنے عرصے کام کیا ہے اور محکمۂ کا کام بہتر چلا رہے ہیں۔
وکیل نے عدالت سے استدعا ہے کہ درخواست گزاروں کو ایف آئی اے میں ضم کیا جائے، اس سے قبل بھی ایف آئی اے میں تعینات اہلکاروں کو ضم کیا جا چکا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ ایف آئی اے میں کام کرنے کے باوجود اہلکاروں کو واپس پولیس میں بھیج دیا گیا۔
عدالت نے درخواست پر کوئی فیصلہ آنے تک اہلکاروں کو واپس پولیس میں بھیجنے سے روک دیا اور 15 نومبر کو ایف آئی اے سے جواب طلب کرتے ہوئے مزید سماعت بھی 15 نومبر تک ملتوی کر دی۔