جنوبی امریکا کے ملک چلی کی حکومت نے غزہ پر حملوں کے بعد اسرائیل سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔ چلی نے اسرائیلی حملوں کے بعد پیدا صورتحال پر مشاورت کیلئے سفیر کو واپس بلایا ہے۔
میڈیا رپوٹس کے مطابق چلی کی وزارت خارجہ نے غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک ان حملوں کو انتہائی تشویش کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
وزارت خارجہ کا مزید کہنا ہے کہ اسرائیل کی کارروائیاں غزہ کی فلسطینیوں کو ’اجتماعی سزا‘ دینے کے مترادف ہیں۔
چلی کی وزارت خارجہ نے دشمنی پر مبنی سرگرمیوں کے فوری خاتمے، حماس کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے افراد کی رہائی اور غزہ کی تقریباً 20 لاکھ آبادی کے لیے انسانی امداد کی ترسیل کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا۔