اسرئیلی فوج نے دوسرے روز بھی غزہ کے جبالیا کیمپ پر بمباری کی، جس سے رہائشی بلاک مکمل تباہ ہوگیا۔ عمارتوں اور مکانات کے ملبے تلے سیکڑوں لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز بھی جبالیا کیمپ پر بمباری کی تھی۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے اسرائیلی بمباری میں اب تک 8 ہزار 796 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ شہداء میں 3 ہزار 648 بچے اور 2 ہزار 290 خواتین بھی شامل ہیں۔ جبکہ 23 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب غزہ سے شدید زخمیوں کی مصر منتقلی کیلئے رفح کراسنگ کھول دی گئی، جس کے بعد ایمبولینسیں غزہ میں داخل ہوگئیں، غیر ملکی پاسپورٹ ہولڈرز اور زخمی شہریوں کو غزہ سے باہر جانے کی اجازت ہے۔
غزہ کے طبی حکام کا کہنا ہے کہ رفح کراسنگ کے راستے غزہ سے 81 زخمیوں کو مصر بھیجا جا رہا ہے۔
مصری حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد دینے کے لیے سینائی میں فیلڈ اسپتال بنایا گیا ہے۔
قطر کی ثالثی میں امریکا کے تعاون سے مصر، حماس اور اسرائیل کے درمیان معاہدہ ہوگیا، انخلا کیلئے رفح بارڈر کراسنگ کتنے وقت تک کھلی رہے گی اس کی کوئی ٹائم لائن نہیں ہے، معاہدے میں یرغمالیوں کی رہائی یا انسانی ہمدردی کا وقفہ بھی شامل نہیں۔
7 اکتوبر سے جاری جنگ کے بعد سےلوگوں کے انخلا کیلئے پہلی مرتبہ رفح کراسنگ کو کھولا گیا ہے۔
غزہ کے اسپتالوں کیلئے فوری طور پر ایندھن کی فراہمی کی اپیل کی گئی ہے غزہ میں انٹرنیٹ سروس ایک بار پھر بند ہوگئی۔