غزہ میں لیڈی ڈاکٹر اور خاتون صحافی کی جانب سے اسپتال میں موجود ایک بچی کو دلاسہ دینے کے انداز نے سب کو غمزدہ کرکے رکھ دیا۔
غزہ پر اسرائیلی فوج کی جانب سے 26ویں روز بھی مسلسل بمباری جاری ہے جس سے بڑی تعداد میں بچے اپنے والدین اور ماں باپ اپنے بچوں سے محروم ہوگئے ہیں۔
اسرائیلی بربریت دیکھ کر پوری دنیا میں غم و غصہ پایا جارہا ہے، اپنے ماں باپ کو یاد کرتے ہوئے بچوں کے رونے کی ویڈیوز بھی سامنے آرہی ہیں۔
ایسی ہی ایک ویڈیو نے ہر آنکھ کو اشکبار کردیا ہے جس میں غزہ کے اسپتال میں موجود ایک بچی اپنی والدہ کو یاد کرتے ہوئے شدت غم سے نڈھال نظر آرہی ہے۔
فلسطینی صحافی نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ غزہ کے اسپتال میں موجود بچی اسرائیلی بمباری میں شہید ہونے والی اپنی ماں کو یاد کرتے ہوئے دکھی نظر آرہی ہے۔
اس بچی کو سنبھالنے کیلئے فرائض کی انجام دہی میں مصروف دو خواتین آگے بڑھتی ہیں، جن میں ایک ڈاکٹر اور دوسری خاتون صحافی ہیں جو غمزدہ بچی کو اپنے ہاتھوں سے تھامے ہوئی ہیں۔
اس دوران بچی مسلسل اپنی ماں کو پکارتی رہتی ہے، جبکہ دونوں خواتین اسے دلاسے دینے میں مصروف ہیں۔
اس دردناک ویڈیو کو دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین بھی اپنے غم و غصے کا اظہار کررہے ہیں، اور اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے نظر آرہے ہیں۔