عالمی ادارہ صحت نے غزہ میں بمباری روکنے کیلئے ایک بار پھر اپیل کردی۔عالمی ادارہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اب ہزاروں افراد کےلیے موت و زندگی کا لمحہ آگیا ہے۔
ترجمان کے مطابق اسپتال کام کرنا بند کر دیتے ہیں تو یہ ان ہزاروں افراد کے لیے سزائے موت ہوگی۔
عالمی ادارہ صحت کے ترجمان نے کہا کہ ہماری میڈیکل ٹیمیں غزہ میں جانےکے لیے تیار ہیں۔ بس ہمیں انتظار ہے کہ غزہ میں جاری حملے روکے جائیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ غزہ میں بےدریغ بمباری ہو رہی ہے، اسے اب رُکنا چاہیے۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دوسرے روز بھی غزہ کے جبالیا کیمپ پر بمباری کی، جس سے رہائشی بلاک مکمل تباہ ہوگیا۔ عمارتوں اور مکانات کے ملبے تلے سیکڑوں لوگوں کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے گزشتہ روز بھی جبالیا کیمپ پر بمباری کی تھی۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے اسرائیلی بمباری میں اب تک 8 ہزار 796 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ شہداء میں 3 ہزار 648 بچے اور 2 ہزار 290 خواتین بھی شامل ہیں۔ جبکہ 23 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں.