مصر، حماس اور اسرائیل میں امریکی تعاون سے رفح کراسنگ کھولنے کا معاہدہ ہوگیا۔ امریکی حکام کے مطابق رفح کراسنگ سے 5 ہزار سے زائد غیرملکی غزہ سے نکل سکتے ہیں۔
امریکی حکام کا مزید کہنا تھا کہ بذریعہ رفح کراسنگ، غزہ سے نکلنے والے غیرملکیوں کی تعداد 7 ہزار تک بھی ہوسکتی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق غزہ میں پھنسے امریکیوں کو محکمہ خارجہ سے انخلا سے متعلق پیغامات ملنے لگے۔ پیغام میں امریکیوں کو رواں ہفتے غزہ سے انخلا شروع ہونے کا بتایا جا رہا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق 400 امریکی شہری اور ان کے اہلخانہ سمیت امریکا کے1 ہزار افراد غزہ میں پھنسے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق دیگر ممالک کے 5 ہزار شہری غزہ سے نکلنا چاہتے ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ رفح کراسنگ سے امریکیوں سمیت غیر ملکیوں کا پہلا گروپ غزہ سے نکل گیا ہے۔ غزہ سے امریکیوں اور دیگر لوگوں کا انخلا آئندہ کئی روز جاری رہنے کی توقع ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ جو امریکی غزہ سے نکلنا چاہتے ہیں ان کا انخلا یقینی بنائیں گے۔
غزہ سرحدی حکام کے مطابق رفح کرانسگ جمعرات کو بھی کُھلے گی۔ رفح کراسنگ غیرملکی پاسپورٹ ہولڈرز کے غزہ سے مصر جانے کے لیے کھلےگی۔