نگراں وزیرِ اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پورے معاشرے کو احساس کرنا ہو گا۔
اسلام آباد میں ’پری کاپ28‘ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات سے بچنے کے لیے اقدامات کرنا ہوں گے، آنے والی نسلوں کا مستقبل محفوظ کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک کے لیے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، کرۂ ارض موسمیاتی تبدیلی کے خطروں سے دوچار ہے، حکومت یا کوئی محکمہ تنہا اس مسئلے کو حل نہیں کر سکتا، ہمیں موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے اسٹریٹجک وژن کی ضرورت ہے۔
مرتضیٰ سولنگی کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ہمیں بہت سے معاشرتی مسائل کا سامنا ہے، جب تک ہم معاشرے میں تبدیلی نہیں لائیں گے، موسمیاتی تبدیلی کے خطرات سے نہیں نمٹ سکتے۔
نگراں وزیر نے کہا کہ والدین، اساتذہ اور دیگر طبقوں کو موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات کو زیرِ بحث لاناہو گا، ہمیں پورے سسٹم کو تبدیل کرنا ہو گا، میڈیا کو موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا، موسمیاتی تبدیلی کے تدارک کے لیے شجر کاری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہو گا۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی پورے انسانی نظام کے لیے خطرہ ہے، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ہم غیرمحفوظ ملک ہیں، اس کے خطرات میں ہمارا کردار نہیں لیکن اس کی تباہی سے سب سے زیادہ ہم متاثر ہوئے۔