نگراں وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے عام لوگوں تک اسمارٹ فونز پہنچانے کے لیے اہم اقدام اٹھایا ہے۔
ڈاکٹر عمر سیف نے پی ٹی اے کے لیے پالیسی ڈائریکٹیو جاری کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
ڈاکٹر عمر سیف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا، اجلاس پی ٹی اے، سیلولر آپریٹرز اور جی ایس ایم اے نے شرکت کی۔
ڈاکٹر عمر سیف نے اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ سیلولر آپریٹرز، سرمایہ کار کمپنیاں اور بینکس قسطوں پر اسمارٹ فونز کے پیکجز کا اعلان کریں، عوام کو سہولتوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔
ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ ڈیفالٹرز کے فون بلاک کیے جائیں گے، نادہندگان کے لیے اس سے اگلا قدم سم اور بعد ازاں قومی شناختی کارڈ بلاکنگ ہو سکتا ہے، اس اقدام سے نادہنگان کی حوصلہ شکنی اور اسمارٹ فونز کے استعمال کا تناسب بڑھے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ طلب میں اضافے سے موبائل فونز مینوفیکچررز انڈسٹری اور ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا، دور دراز کے رہائشی افراد کے ہاتھ میں فون، سیلولر آپریٹرز کے لیے بزنس کیسز بھی بنیں گے۔
نگراں وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ کسی بھی بڑے فیصلے سے پہلے کئی طرح کی رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاریخ ان ہی افراد کو یاد رکھتی ہے جو رکاوٹوں کے باوجود ملک و قوم کے لیے بڑا کام کریں، ڈیجیٹل ورلڈ سے خود کو منسلک کرنے، ای کامرس کے فروغ کے لیے اسمارٹ فونز فار آل پالیسی ضروری ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ افریقی ملک روانڈ کے اعلیٰ سطح وفد سے ملاقات میں بھی اسمارٹ فونز ایکسپورٹ کرنے سے متعلق اہم پیش رفت ہوئی ہے، پاکستانی اسمارٹ فونز میں روانڈا کی حکومت نے خصوصی دلچسپی ظاہر کی ہے۔