بالی ووڈ کے بے تاج بادشاہ شاہ رخ خان آج اپنی 58 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، ان کے چاہنے والے دنیا بھر میں موجود ہیں جن سے وہ ہر عام و خاص موقع پر سوشل میڈیا کے ذریعے رابطے میں رہتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر ’آسک ایس آر کے‘ کے ہیش ٹیک سے کنگ آف رومانس کے مداحوں کی بڑی تعداد اور ان کی حسِ مزاح کے دلدادہ افراد ان سے سوال کرتے ہیں اور اداکار بھی انہیں دلچسپ انداز میں جواب دیتے ہیں کہ اچھے اچھے لاجواب ہو جاتے ہیں۔
کنگ خان نے ہمیشہ پرستاروں کے دلچسپ سوالوں کے منفرد جواب دیے ہیں۔
2015ء میں ایک صارف نے کنگ خان سے سوال کیا کہ ابراہم کے والد کے علاوہ اور کون سا اداکار آپ کا پسندیدہ ہے۔
اداکار نے بھی انتہائی ہوشیاری کے ساتھ اپنے دوسرے بیٹے آریان کا نام لیتے ہوئے جواب دیا کہ آریان کے والد۔
2016ء میں ایک اور صارف نے سوال کو گھمانے کی بجائے جواب دینے کی تنبیہ کرتے ہوئے پوچھا کہ سلمان خان یا عامر خان؟0
کنگ خان نے بھی صاف گوئی سے کام لیا اور کہہ دیا گھمانے والے سوالات نہ کرو۔
2015ء میں ایک اور صارف نے کنگ خان سے مدد طلب کرتے ہوئے کہا کہ سر براہِ کرم میری مدد کریں اور ایک لڑکی سے پروم نائٹ پر چلنےکا پوچھ لیں۔
کنگ خان نے برجستہ جواب دیا کہ اگر میں نے پوچھا تو وہ تمہارے ساتھ نہیں جائے گی۔
2023ء میں ایک صارف نے سنجیدہ سوال کیا کہ آپ نے اپنے پورے کیریئر میں وسیع کردار ادا کیے، کیا کوئی خاص کردار ہے جس نے آپ کی زندگی پر اثر مرتب کیا ہو یا متاثر کیا؟
صارف نے اس سوال کے ساتھ ایک بلی کی تصویر بھی پوسٹ کی تو کنگ خان نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صارف کے سوال کا جواب دینے کی بجائے پوچھا کہ اس گمبھیر سوال کے ساتھ بلی کی تصویر کیوں بھیجی؟۔
2017ء میں ایک صارف نے اپنے پسندیدہ اداکار کی توجہ طلب کرنے کے لیے ٹویٹ کیا کہ ہم غریبوں کو بھی جواب دے دو۔
کنگ خان نے اپنی حسِ مزاح کا استعمال کرتے ہوئے جواب دیا کہ ہیلو غریب!۔
2017ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’جب ہیری میٹ سیجل‘ اور 2018ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’زیرو‘ بری طرح فلاپ ہوئیں تو کنگ خان کی فلموں کو بریک لگ گیا۔
ایک مداح نے 2022ء میں درخواست کی کہ سر اتنی دیر کیوں کر رہے ہیں فلم ریلیز کرنے میں، جلدی کر دیں۔
صارف کی درخواست پر کنگ خان نے طنز و مزاح کا سہارا لیا اور پوچھا تو کیا آدھی فلم ریلیز کر دوں؟
خیال رہے کہ رواں سال شاہ رخ خان کے کیریئر کا بہترین سال رہا، طویل عرصے بعد اس سال فلم ’پٹھان‘ سے کنگ خان ایک بار پھر بڑے پردے پر جلوہ گر ہوئے اور آتے ہی چھا گئے۔
رواں سال ان کی دوسری فلم ’جوان‘ بھی ریلیز ہوئی، دونوں فلموں نے عالمی باکس آفس پر مجموعی طور پر 2000 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا ہے۔
واضح رہے کہ کنگ خان کی رواں سال تیسری فلم ’ڈنکی‘ دسمبر کے اختتام میں ریلیز کی جائے گی جس کا پہلا ٹیزر آج جاری کیا جائے گا۔