ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما امین الحق نے کہا ہے کہ 2018ء میں ایم کیو ایم سے سیٹیں چھینی گئی تھیں، ایم کیو ایم آئندہ انتخابات میں 18 سیٹیں جیتے گی۔
انہوں نے آئندہ سال ہونے والے عام انتخابات سے متعلق کہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ کو خوش آئند قرار دیتے ہیں، ملک میں جمہوری روایات کو قائم رہنا چاہیے۔
امین الحق نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کا صاف شفاف انعقاد یقینی بنایا جائے، تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کو صدرِ مملکت سے مشورہ کرنا چاہیے تھا۔
دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان کی عام انتخابات سے متعلق تیاریاں زوروں شوروں سے جاری ہیں۔
ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت نے سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی کو عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم نے ایک سے 2 روز میں کراچی میں مزید انتخابی دفاتر کھولنےکا فیصلہ کیا ہے، 4 نومبر کو برنس روڈ پر عوامی رابطہ مہم سے متعلق پروگرام کیا جائے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ 26 نومبر کو ایم کیو ایم کورنگی میں جلسہ کرے گی۔
ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکیستان 2 دسمبر کو گلشن اقبال اور اس کے بعد لیاری میں جلسہ کرے گی۔