خیبر پختون خوا میں مقیم غیر قانونی غیر ملکیوں کے سرکاری اعداد و شمار جاری کر دیے گئے۔
سرکاری دستاویز کے مطابق اب تک 51 ہزار سے زیادہ غیر قانونی غیر ملکیوں کا ریکارڈ مرتب کیا گیا ہے، غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں میں 25 ہزار سے زیادہ بچے بھی شامل ہیں۔
دستاویز کے مطابق پشاور میں سب سے زیادہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی تعداد 22 ہزار 752 تک ہے، ڈی آئی خان11 ہزار، نوشہرہ 7 ہزار، مردان 1900 اور چارسدہ میں ایک ہزار سے زیادہ غیر قانونی غیر ملکیوں کا ریکارڈ مرتب کیا گیا ہے۔
سرکاری دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ ملاکنڈ 207، چترال لوئر 91 اور سوات میں 7 اور لکی مروت 30 غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا۔
اس کے علاوہ ٹانک 171، ہنگو میں961، مانسہرہ 2700، ایبٹ آباد 145 اور ہری پور میں ڈھائی ہزار سے زیادہ، کوہاٹ میں 1500، بنوں 363 اور کرک میں 146سے زیادہ غیر قانونی غیر ملکی موجود ہیں۔
دستاویز کے مطابق خیبر میں 5 ہزار، کرم 95 اور باجوڑ میں27 غیرقانونی غیر ملکیوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا ہے۔
غیر قانونی غیر ملکیوں کی افغانستان واپسی جاری
دوسری جانب سندھ، بلوچستان اور پنجاب سے چمن پہنچنے والے غیر قانونی غیر ملکیوں کی افغانستان واپسی جاری ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق چمن میں قائم 2 ہولڈنگ کیمپوں میں 6 ہزار غیر قانونی غیر ملکی ٹھہرے ہوئے ہیں، ہولڈنگ کیمپوں میں افغان باشندوں کا نادرا ڈیٹا جمع کر رہا ہے، رضا کارانہ مہلت ختم ہونے کے بعد گزشتہ روز 10ہزار افغان باشندوں نے پاکستان چھوڑا، امکان ہے آج 8 ہزار افغان باشندے واپس وطن جا سکیں گے، صبح 7 سے شام 6 بجے تک باب دوستی سے ہزاروں افغان باشندے افغانستان واپس جا رہے ہیں۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ افغان حکومت سے باب دوستی بارڈر کے اوقات بڑھانے پر بات چیت جاری ہے، بےدخلی کے علاوہ اب صرف پاکستانی پاسپورٹ اور ویزا سے سرحد پار کی جا سکتی ہے۔