اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہرسال دنیا میں سینکڑوں صحافی پیشہ وارانہ ذمے داریاں ادا کرتے شہید ہوتے ہیں، جمہوری اور انصاف پسند معاشرے کے لیے صحافیوں کے خلاف جرائم کاخاتمہ ناگزیر ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ اقوامِ متحدہ غزہ اور بھارت میں صحافیوں پر ہونے والی دہشت گردی کا نوٹس لے بلکہ دنیا بھر میں صحافیوں کے خلاف ہونے والے جرائم کا نوٹس لے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید کہا ہے کہ پاکستانی پارلیمان اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صحافیوں کا تحفظ یقینی بنانے میں کردار ادا کیا ہے، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور پیپلز پارٹی نے صحافت پر عائد کالے قوانین کا خاتمہ کیا۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ صحافی برادری کا تحفظ ہماری جدوجہد کا اہم پہلو ہے، میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔