غزہ میں اسرائیلی فوج کی رہائشی آبادیوں پر وحشیانہ بمباری جاری ہے، جبالیا پناہ گزین کیمپ کے بعد اسرائیلی فوج نے البریج پناہ گزین کیمپ پر بھی بم برسا دیے۔
اسرائیل نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ پر لگاتار تیسرے روز گھروں کو نشانہ بنایا۔ شاطئی کیمپ میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے تحت چلنے والے اسکول پر بمباری کی۔
اسرائیلی طیاروں نے غزہ کے القدس اسپتال کے قریب بھی بم برسائے، 7 اکتوبر سے اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینیوں کی تعداد 9 ہزار سے تجاوز کرگئی۔ ان شہدا میں 3 ہزار 760 سے زائد بچے بھی شامل ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں سے غزہ میں 32 ہزار فلسطینی زخمی ہوئے ہیں ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق فلسطینی شہدا میں 2 ہزار 326 خواتین بھی شامل ہیں۔
حماس اور حزب اللّٰہ کے بھی اسرائیلی فوج کے خلاف جوابی حملے جاری ہیں، اسرائیلی شہر کریات شمونہ پر جنوبی لبنان سے راکٹوں کا حملہ کیا، جس سے متعدد گاڑیوں اور مکانات میں آگ لگ گئی۔
لبنان کی جانب سے فائر کئے گئے میزائل سے اسرائیلی ڈرون تباہ ہوگیا۔ حزب اللّٰہ نے 2 مسلح ڈرونز سے اسرائیلی اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل نے غزہ کے جبالیہ کیمپ پر تین دن میں تیسرا حملہ کردیا، تین روز میں ہوئے حملوں میں شہدا کی تعداد 200 سے زائد ہوگئی۔
حکام کے مطابق غزہ کے واحد کینسر اسپتال سمیت 35 اسپتالوں میں سے تقریباً نصف بند ہوچکے ہیں۔ اسرائیلی فضائیہ نے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے تحت چلنے والے اسکول پر بھی بم برسا دیے۔