اسرائیل میں لاپتہ غزہ کے سیکڑوں رہائشیوں کی جانب سے اسرائیلی ہائی کورٹ آف جسٹس میں پٹیشن دائر کردی گئی۔
پٹیشن میں اسرائیل میں غزہ کے ’لاپتہ فلسطینیوں‘ سے اہلخانہ کی ملاقات کرانے کی استدعا کی گئی ہے۔
پیٹشن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ غزہ کے 568 فلسطینی نامعلوم مقام پر اسرائیل کی قید میں ہیں اور 7 اکتوبر کے بعد سے ان فلسطینیوں کا غزہ میں بسے اہل خانہ سے رابطہ منقطع ہے۔
پٹیشن میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اسرائیل میں قانونی مقیم غزہ کے 568 فلسطینیوں کو مغربی کنارے منتقل کیا جائے۔
اس حوالے سے اسرائیلی کورٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حکام 8 نومبر تک ’لاپتہ فلسطینیوں‘ کے بارے میں آگاہ کریں۔
دوسری جانب اسرائیلی ٹی وی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 7 اکتوبر کو حملوں کے وقت غزہ کے 3 ہزار فلسطینی قانونی طور پر اسرائیل میں تھے اور غزہ کے یہ تین ہزار فلسطینی اسرائیل کی حراست میں ہیں۔
اسرائیلی ٹی وی کے مطابق یہ فلسطینی اسرائیل کی معلومات حماس کو فراہم کرسکتے ہیں اس لیے ان کو فی الحال رہا نہیں کیا جاسکتا ہے، غزہ میں بسے 18 ہزار فلسطینی اسرائیل میں نوکری کرنے روزانہ اسرائیل آتے تھے۔
اسرائیلی ٹی وی کے مطابق اسرائیل نے غزہ حکام سے مکمل طور پر رابطے منقطع کردیے ہیں اور غزہ کے فلسطینیوں کے اسرائیل میں نوکری کے پرمٹ بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔