پشاور: ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس وین کے قریب دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور پولیس اہلکاروں سمیت 20 افراد زخمی ہوگئے۔
ٹانک اڈا پر ایلیٹ فورس کی نفری لے جانے والی گاڑی کو نامعلوم افراد کی طرف سے نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جب کہ 20 سے زائد افراد جن میں پولیس اہلکار اور شہری شامل ہیں، زخمی ہوگئے۔لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا تو اس موقع پر نامعلوم افراد کی جانب سے اسپتال میں موجود پولیس اہلکاروں پر بھی فائرنگ کی گئی۔
واضح رہے کہ پولیس لائنز ڈیرہ اسماعیل خان سے ایلیٹ فورس کی نفری ٹکواڑہ چیک پوسٹ کے لیے جارہی تھی کہ ٹانک اڈا کے قریب پولیس وین کو دھماکے کا نشانہ بنایا گیا۔زخمیوں میں عبدالحمید، اسحاق، قدرت اللہ، ناصر، یاسمین، شیرین، قمر زمان و دیگر شامل ہیں۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاشی کا آپریشن شروع کردیا ہے۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکے میں موٹرسائیکل کا استعمال کیا گیا ۔ دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔ دھماکے میں جاں بحق افراد کی عمریں 15 سے 20 سال ہیں ۔ ایک جاں بحق شخص کی شناخت قمر زمان کے نام سے ہوئی ہے ۔ زخمیوں میں 2 خواتین اور ایک بچی بھی شامل ہے۔