اپنے بے باک لباس کے باعث شہرت حاصل کرنے والی بھارتی اداکارہ عرفی جاوید گزشتہ روز اپنی گرفتاری کے باعث شہ سرخیوں کی زینت بنی رہیں تاہم اب ان کی گرفتاری کی حقیقت سامنے آ گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ممبئی پولیس نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے اس وائرل ویڈیو کی حقیقت سے پردہ اُٹھا دیا ہے۔
ممبئی پولیس نے انسٹا گرام پر عرفی جاوید کی گرفتار ہونے والی وائرل ویڈیو کو شیئر کیا اور کیپشن میں اس کی تردید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ممبئی پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر عرفی جاوید کو نازیبا لباس پہننے پر گرفتار کیے جانے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو درست نہیں ہے، یہ وردی کا غلط استعمال ہے۔
ممبئی پولیس کی جانب سے بیان سامنے آنے کے بعد فیشن انفلوئنسر عرفی جاوید نے بھی اپنی وائرل ویڈیو پر وضاحت پیش کر دی۔
انہوں نے انسا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ ممبئی پولیس نہیں بلکہ فیشن پولیس ہے جو ممبئی پولیس کی وردی میں ملبوس ہے۔
عرفی جاوید کے مطابق وائرل ویڈیو کپڑوں کے ایک برانڈ کے لیے تشہیری مہم کا حصہ تھی۔