پاکستان کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز فخر زمان نے اپنے ہم وطن مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کا ریکارڈ برابر کردیا۔
ورلڈکپ 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف بنگلور میں فخر زمان نے فتح گر اننگز کھیل کر ناممکن کو ممکن بنادیا۔
بارش سے متاثرہ یہ میچ پاکستان ٹیم نے ڈی ایل میتھڈ کے تحت 21 رنز سے اپنے نام کرلیا۔
میچ میں فخر زمان نے طوفانی اننگز کھیلی اور 81 گیندوں پر ناقابل شکست 126 رنز بنائے۔ ان کی اننگز میں 11 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔
یہ ورلڈکپ میں کسی بھی پاکستانی بیٹر کے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے ہیں۔
ورلڈکپ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ عمران نذیر کے پاس تھا جنہوں نے 2007 کے ورلڈکپ میں زمبابوے کے خلاف 160 رنز کی اننگز میں 8 چھکے لگائے تھے۔
علاوہ ازیں یہ پاکستان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں مشترکہ طور پر سب سے زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بھی ہے۔
ان سے قبل شاہد خان آفریدی بھی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگاچکے ہیں۔ شاہد آفریدی نے سری لنکا کے خلاف تیز ترین سنچری بناتے ہوئے یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔