لاہور ( سب تکرپورٹ) وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے شادی تقریبات میں ون ڈش اور اوقات کار کی پابندی کی خلاف ورزی پر سخت نوٹس لیتے ہوئے لاہور سمیت صوبہ بھر میں شادی تقریبات میں ون ڈش اور اوقات کار کی پابندی پر سختی سے عملدرآمد کرانے کا حکم دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ ون ڈش اور رات 10بجے کے اوقات کار پر من و عن عملدرآمد کرایا جائے اور ہالز کے ساتھ فارم ہاو¿سز میں ہونے والی شادی تقریبات میں بھی ون ڈش یا اوقات کار کی پابندی کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ محسن نقوی نے رات گئے گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ فلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے فلائی اوور پر سٹیل فکسنگ کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ مزدوروں سے مصافحہ کیا اور تیز رفتاری سے پراجیکٹ پر کام پر شاباش دی۔ منصوبے مکمل ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت اور آسانی ملے گی۔ سنٹر پوائنٹ گلبرگ سے گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ تک سگنل فری کوریڈور مکمل ہو گا۔ محسن نقوی نے میانوالی ٹریننگ ائیر بیس پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے والے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کر کے دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا اور دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ محسن نقوی نے ڈائریکٹر جنرل فرانزک سائنس ایجنسی ڈاکٹر محمد اشرف طاہر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے اپنے تعزیتی پیغام میں سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کیا۔ علاوہ ازیں محسن نقوی کے مسلسل دورے او ڈیلی مانیٹرنگ کی بدولت لاہور کے 4 میگا پراجیکٹس مکمل ہونے کے قریب ہیں۔ چاروں میگا پراجیکٹس اسی ماہ ٹریفک کیلئے کھول دیئے جائیں گے۔ بیدیاں روڈ انڈر پاس‘ اکبر چوک فلائی اوور‘ شاہدرہ فلائی اووز اور خالد بٹ چوک انڈر پاس نومبر میں ہی ٹریفک کیلئے کھول دیئے جائیں گے۔ اکبر چوک فلائی اوور منصوبہ 10 ماہ کی بجائے 6 ماہ کی قلیل مدت میں مکمل ہو رہا ہے۔ اکبر چوک فلائی اوور منصوبے میں دو فلائی اوورز کے علاوہ 10 یوٹرن اور مولانا شوت علی روڈ کی ری ماڈلنگ بھی شامل ہے۔ اکبر چوک فلائی اوور منصوبے کی ری ماڈلنگ کے دوران ایک درخت بھی نہیں کاٹا گیا۔